12 ربیع الاول امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، ہدایت اور عشقِ رسول ﷺ کا دن ہے، قاری جہانگیر احمد

جہلم: قاری جہانگیر احمد کہا کہ 12 ربیع الاول کو یومِ میلاد النبی ﷺ یا عید میلاد النبی ﷺ کہا جاتا ہے۔ یہ دن نہ صرف سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، ہدایت اور نور کے نزول کا دن بھی ہے۔
جہلم کی معروف مذہبی شخصیت قاری جہانگیر احمد نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری بنی نوع انسان کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے اور یہ دن مسلمانوں کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کو تازہ کرتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان درود و سلام، نعت خوانی، سیرت النبی ﷺ کی محافل اور جلوسوں کے ذریعے اس دن کو عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔
قاری جہانگیر احمد کا مزید کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کا دن دراصل شکر، محبت اور اتباعِ رسول ﷺ کا عملی مظاہرہ کرنے کا دن ہے۔ اسلامی تاریخ کا یہ عظیم اور مقدس دن امتِ مسلمہ میں روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد کائنات کے لیے سراسر رحمت ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں میں آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو نافذ کریں کیونکہ یہی ہمارے تمام مسائل کا حقیقی حل ہے۔ اس موقع پر مساجد، گھروں اور گلیوں کو خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے اور درود و سلام کی محافل عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں۔



