ہونہار اسکالر شپ پروگرام؛ ضلع جہلم میں 98 درخواستیں موصول، 70 طلباء کی درخواستیں منظور

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے ہونہار اسکالرشپ 2024 پروگرام کے تحت ضلع جہلم کے مختلف سرکاری کالجوں میں زیر تعلیم ذہین طلباء کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس پروگرام کا مقصد ہونہار طلباء کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کریں۔

ضلع جہلم کے سرکاری کالجوں کے طلباء کی جانب سے اسکالرشپ کے حصول کے لیے 98 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 70 طلباء کی درخواستیں منظور کر لی گئیں جبکہ باقی طلباء کی درخواستوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد حتمی کارروائی میں شامل کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے منتخب شدہ طلباء کو وظائف فراہم کر کے نہ صرف ان کے تعلیمی اخراجات کو پورا کیا جائے گا بلکہ انہیں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی ترغیب بھی دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس سلسلے میں کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ذہین طلباء کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کے لیے یہ ایک اہم اقدام ہے جس سے وہ اپنی تعلیم کو بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں گے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت درخواستوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر وظائف کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہونہار طلباء کی مدد اور ان کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ ہونہار اسکالرشپ پروگرام طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے ضلع کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button