جہلم میں شدید بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی ہنگامی تیاریاں، ضلع بھر میں 6 خصوصی پوائنٹس قائم

جہلم: ضلع جہلم میں شدید بارشوں کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 نے ضلع کے مختلف مقامات پر 6 خصوصی پوائنٹس قائم کر دیے ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ اور ریسکیو ٹیمیں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رانا محمد سعید نے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر نشیبی اور حساس علاقوں میں خصوصی پوائنٹس قائم کیے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
حساس قرار دیے گئے علاقوں میں تحصیل سوہاوہ، تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے مضافاتی دیہات شامل ہیں، جہاں ریسکیو ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ مقامی آبادی کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیمیں مقامی افراد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد، انخلا یا دیگر ریسکیو آپریشنز سرانجام دیے جائیں گے۔
مزید برآں، ریسکیو 1122 کی خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں بھی ہائی الرٹ پر ہیں جو کہ 33 ایف ڈی آرز پر مشتمل ہیں۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور اہلکار مکمل طور پر اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔



