جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 323 افراد کی چیکنگ

جہلم: دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز کیے گئے۔ پولیس نے 10 مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 323 افراد کی چیکنگ مکمل کی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے تصدیق کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کے ساتھ چیکنگ بھی کی گئی۔ اس دوران مجرمانِ اشتہاری، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے آپریشنز کیے گئے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم سے باز رکھنا ہے۔ جہلم پولیس جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



