سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے غم میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ برابر کے شریک ہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جانی و مالی نقصان اٹھانے والے متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ڈھوک لونہ اور داراپور کا دورہ کیا جہاں سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہونے والے امتیاز فاروق اور محمد لطیف کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے کوآرڈینیٹر راجہ نقاش سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دونوں جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومت پنجاب کی جانب سے 10،10 لاکھ روپے کے امدادی چیک فراہم کیے اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور مالی امداد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن متاثرین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، ان کے نقصانات کے تخمینے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جا سکے۔ اہل خانہ نے حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز، ڈپٹی کمشنر جہلم اور وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مشکل گھڑی میں ان کے دکھ درد کو بانٹا۔



