کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو براہ راست سننا اور فوری داد رسی کو یقینی بنانا ہے، ڈی پی او جہلم

پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم نے تھانہ پنڈدادنخان میں کھلی کچہری لگائی، جہاں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو براہ راست سننا اور فوری داد رسی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس افسران عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور سائلین کے مسائل فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم نے بتایا کہ کھلی کچہری میں پیش ہونے والی تمام درخواستوں کو باقاعدہ ریکارڈ کیا جاتا ہے اور ان کا مکمل ڈیٹا آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر محفوظ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان درخواستوں پر مقررہ ٹائم لائن کے اندر کارروائی مکمل کی جاتی ہے اور افسران سے باقاعدہ فالو اپ لیا جاتا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم نے تھانہ للِہ میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈی پی او جہلم نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل سنے گئے ہیں اور فوری حل کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا اور عوام کو فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ تمام درخواستوں کو سسٹم پر درج کرکے باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی شہری کی داد رسی میں کوتاہی نہ ہو۔ پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کریں۔



