سولر پینل اور بیٹریوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی، لیتھیم بیٹری 20 فیصد سستی ہو گئی

جہلم سمیت ملک بھر میں سولر مصنوعات کی طلب میں غیر معمولی کمی کے باعث سولر پینلز اور بیٹریوں کی قیمتوں میں نمایاں اور ریکارڈ سطح تک کمی واقع ہو گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر بیٹریوں اور پینلز کی خرید و فروخت میں واضح سست روی دیکھی جا رہی ہے، جس کے اثرات قیمتوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔

ساڑھے 4 لاکھ روپے میں فروخت ہونے والی لیتھیم سولر بیٹری کی قیمت اب کم ہو کر 3 لاکھ 80 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ وہ بیٹریاں جو پہلے 3 سے 4 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہی تھیں، اب 2 سے اڑھائی لاکھ روپے میں دستیاب ہیں۔ یعنی قیمتوں میں 20 فیصد یا اس سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں نئی کمپنیاں بھی متعارف ہو رہی ہیں جو نہ صرف مناسب نرخ فراہم کر رہی ہیں بلکہ اپنی مصنوعات پر بہتر وارنٹی بھی دے رہی ہیں، جس سے مسابقت میں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق سولر مصنوعات کی طلب میں کمی اور مارکیٹ میں جمود کے باعث قیمتوں میں تاریخی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سولر سسٹم لگوانا عام صارفین کے لیے مزید سستا اور قابلِ رسائی ہو جائے گا۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بحران اور مہنگے بلوں کے باوجود عوامی قوتِ خرید میں کمی، درآمدی پالیسیوں میں رکاوٹ اور غیر یقینی معاشی حالات اس سست روی کا باعث بنے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button