مین بازار میں نالوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی خبر پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی

دینہ: مین بازار میں نالوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی خبر پر ضلعی انتظامیہ فوری حرکت میں آ گئی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثانیہ صافی، وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ کیانی، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، ستھرا پنجاب کے فوکل پرسن ناظم کیانی و دیگر متعلقہ افسران نے مین بازار دینہ کا ہنگامی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
بازار میں موجود تاجروں کی بڑی تعداد نے افسران کو نالوں میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر شکایات کے انبار لگا دیے، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ثانیہ صافی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر معیاری مواد کے ساتھ تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کام کی رفتار بڑھانے کے لیے لیبر کی تعداد پندرہ تک کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ مین بازار میں جاری کام جلد مکمل ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو۔
دورے کے موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، انجینئر حافظ عامر، سابق چیئرمین بلدیہ دینہ شیخ اکرام الٰہی، میاں عتیق، میاں صہیب الحسن، راجہ ساجد نواز، راجہ نوید شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دینہ پریس کلب کے سینئر صحافی رضوان سیٹھی نے مین بازار دینہ میں لاکھوں روپے مالیت سے بننے والے نالوں میں ناقص تعمیراتی کام کی نشاندہی کی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیم کو موقع پر روانہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ثانیہ صافی نے اس موقع پر تاجروں کو یقین دہانی کروائی کہ ناقص کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور منصوبے کو معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔



