محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملک نوید ریحان

پنڈدادنخان: نمائندہ وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سپیشل ٹاسک یونٹ راولپنڈی ڈویژن ملک نوید ریحان کندوال نے یوم عاشور کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین اور ڈی ایس پی پنڈدادنخان محمد اکرم سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ یہ ملاقات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کردہ محرم الحرام سپیشل ٹاسک یونٹ کے تحت منعقد ہوئی، جس میں یونین کونسل کندوال سمیت تحصیل بھر کے انتظامات اور سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک نوید ریحان نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ ان مقدس ایام میں ہمیں چاہیے کہ ہم تمام مسالک اور برادریوں کے ساتھ مل کر امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ کوئی شرپسند عناصر فضا کو خراب نہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق، سپیشل ٹاسک یونٹ کا قیام ایک مثبت قدم ہے جس کا مقصد محرم الحرام کے دوران ہر قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور فوری ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور شہری مل کر محرم الحرام کو پُرامن اور باوقار انداز میں گزارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملک نوید ریحان کندوال نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی یونین کونسل اور گرد و نواح میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button