ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا محرم الحرام کے سلسلے میں دینہ کا دورہ، مرکزی جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے محرم الحرام کے سلسلے میں قلعہ روہتاس (تھانہ دینہ) اور چک عبدالخالق (تھانہ منگلا کینٹ) میں نکالے جانے والے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد، ایس ایچ او تھانہ دینہ اور تھانہ منگلا کینٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

روٹس کے معائنے کے دوران متعلقہ ایس ایچ اوز نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کو جلوسوں کے سیکیورٹی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جلوسوں و مجالس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے کی جائے گی۔ پولیس، ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اور ریزرو اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔ روٹس کے داخلی و خارجی راستوں پر سکینرز نصب کیے جائیں گے جبکہ شرکاء کو میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیک کرنے کے بعد جلوس میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ بلند عمارتوں پر تربیت یافتہ ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے افراد کے مذہبی جذبات کا احترام کیا جائے گا اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ متحرک ہے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button