دینہ پولیس کی حراست میں چوری کا ملزم ہتھکڑی سمیت فرار

دینہ پولیس کی حراست میں چوری کا ملزم ہتھکڑی سمیت فرار ہو گیا، محرر اور اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ پولیس کی حراست سے چوری کے ملزم عدیل رزاق کو عدالت سے جسمانی ریمانڈ لینے کے بعد واپس تھانے لایا جارہا تھا کہ دینہ بس سٹاپ کے قریب سے ملزم عدیل چکما دے کر رفوچکر ہوگیا۔ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئیں۔
سب انسپکٹر ذاکر حسین نے استغاثہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں تھانہ میں موجود ہوں کہ محرر ہیڈ کانسٹیبل نے بتلایا کہ محرر چوکی سٹی دینہ احسان اللہ نے بذریعہ فون نوٹ کروایا ہے کہ مقدمہ نمبر 299 مورخہ 7 مئی 381A/411/24 ت پ تھانہ دینہ میں گرفتار ملزم محمد عدیل رزاق ولد محمد رزاق ساکن قائد اعظم ٹاؤن اور مقدمہ نمبر 383/24 ، 12 جون بجرم E.A.O-13IIA, 2015 میں گرفتار ملزم مسمی شہروز احمد کیانی ولد صغیر احمد ساکن حال شاندار بیکری والی گلی دینہ کو محمد افضال اسسٹنٹ سب انسپکٹر اسد اللہ کانسٹیبل بغرض پیش کرنے بعدالت مجاز گئے تھے۔
ملزمان مذکوران بالا مقدمات متذاکرہ بالا میں جج نے جوڈیشل فرمایا جب کہ محمد افضال اے ایس آئی نے ملزم مسمی محمد عدیل رزاق متذاکرہ بالا کا مقدمہ نمبر 286 بجرم 381 ت پ تھانہ دینہ میں 3 یوم ریمانڈ جسمانی حاصل کیاجس کو ہمراہ لا رہے تھے تو دینہ بس اسٹاپ سے ملزم مذکور حراست سے فرار ہو گیاہے۔
سب انسپکٹر ذاکر حسین نے بتایا کہ محمد افضال اے ایس آئی، اسد اللہ کانسٹیبل نے غفلت و لاپرواہی برتتے ہوئے ملزم مسمی محمد عدیل کو پولیس حراست سے فرار کروا کر اور محرر چوکی سٹی دینہ نے بمطابق ایس او پیز ملزمان کے ہمراہ ڈیوٹی نہ لگا کر ارتکابِ جرم کیا ہے لہٰذا استغاثہ ہذا برائے اندراج مقدمہ بدست ہمایوں ممتاز ہیڈ کانسٹیبل ارسال ہے۔
اے ایس آئی محمد افضال اور محرر اسداللہ کے خلاف بجرم 223 ت پ ، 224 ت پ ،155 سی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیاہے اور تفتیش جاری ہے۔



