جہلم میں آر ڈبلیو ایم سی شہر کی صفائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سرگرم عمل ہے اور اس کے سینٹری ورکرز شدید گرمی کے موسم میں بھی دن رات شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے یونین کونسل نمبر 14 اور 15 کے دورے کے دوران صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکاروں اور سینٹری ورکرز سے ملاقات کی، ان کی محنت کو سراہا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صفائی کے عملے کی بڑی تعداد میں بھرتی کی گئی ہے، جس کے بعد ہر اہلکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو پوری دیانت داری اور محنت سے انجام دے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور ان اقدامات کو کامیاب بنانے میں صفائی کے عملے کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے، خاص طور پر گلی محلوں اور پسماندہ علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

میثم عباس نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈالیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ "صاف شہر، خوشحال شہر” کا خواب ہم سب کی مشترکہ کاوشوں سے ہی شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button