منشیات کیس میں 4 منشیات فروشوں کو جرم ثابت ہونے پر 29 سال قید اور جرمانے کی سزا

دینہ: منشیات فروشوں کو عدالت سے کڑی سزائیں، 4 مجرمان کو مجموعی طور پر 29،29 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ دینہ کے منشیات کے مقدمہ نمبر 183/24 میں عدالت نے اہم فیصلہ سنا دیا۔ منشیات فروشی کے سنگین جرم میں ملوث مجرمان ثاقب، امجد مطلوب، محمد عظیم اور انعام الحق کو مجموعی طور پر 29 سال قید اور فی کس 9 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
مجرمان کو مقدمہ نمبر 183/24 بجرم CNSA 9(1)3E میں 20 سال قید با مشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانہ فی کس جبکہ بجرم CNSA 9(i)5F میں 9 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ فی کس کی سزا دی گئی۔ ان مجرمان کو سال 2024 میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
جہلم پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان جمع کروایا۔ مقدمہ کی پیشہ وارانہ پیروی کے نتیجے میں عدالت نے مجرمان کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے مقدمہ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انویسٹی گیشن ٹیم اور لیگل ٹیم کو شاباش دی، تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے مکمل خاتمے کے لیے جہلم پولیس کا آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔”



