شدید گرمی میں غیر معیاری مشروبات، قلفیوں اور آئسکریم کی فروخت میں خطرناک اضافہ

جہلم شہر اور گردونواح میں شدید گرمی کے باعث غیر معیاری مشروبات، قلفیوں اور آئسکریم کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گلی محلوں، دیہات اور قصبوں میں جگہ جگہ ریڑھی بانوں نے ناقص املی و آلو بخارے کے مشروبات، جعلی جوس، غیر معیاری آئسکریم اور برف کے گولوں کی کھلے عام فروخت شروع کر رکھی ہے جبکہ موٹرسائیکلوں پر گھوم پھر کر قلفیاں اور آئسکریم بیچنے والوں نے بھی اپنی فروخت میں اضافہ کر لیا ہے۔
شدید گرمی کے مارے شہری، خصوصاً کم عمر بچے، خواتین اور مضافاتی علاقوں سے آئے ہوئے لوگ ان مضر صحت اشیاء کا زیادہ استعمال کرتے نظر آ رہے ہیں، جس سے ان کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری ٹھنڈی اشیاء پیٹ، جگر اور آنتوں کے امراض کے علاوہ فوڈ پوائزننگ اور جلدی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
شہریوں نے ارباب اختیار، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گرمی سے ریلیف کے نام پر عوام کو زہر پلایا جا رہا ہے، جس پر فوری پابندی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔



