جہلم کی نجی ہاؤسنگ اسکیم میں دن دیہاڑے ڈکیتی، ڈاکو طلائی زیورات، نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار

جہلم کی نجی ہاؤسنگ اسکیم میں دن دیہاڑے مسلح ڈاکو ایک گھر میں گھس کر طلائی زیورات، نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کی حدود میں واقع کے ڈی سی ہاؤسنگ اسکیم میں دن دیہاڑے سنگین مسلح ڈکیتی کی واردات رونما ہوئی۔ چار مسلح ڈاکو ایک گھر میں زبردستی داخل ہو کر اہلِ خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان، نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری محمد لقمان نے پولیس کو جمع کرائی گئی تحریری درخواست میں بیان دیا کہ وہ اپنے گھر میں موجود تھا کہ دوپہر تقریباً 12:15 بجے چار نامعلوم مسلح افراد زبردستی گھر میں داخل ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے اہلِ خانہ کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنایا اور گھر کی تلاشی کے دوران 35,000 روپے نقدی، طلائی زیورات، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیاء لوٹ لیں۔
مدعی کے مطابق ملزمان درمیانی عمر کے تھے۔ ایک کی عمر 40/41 سال کے لگ بھگ، سانولا رنگ، درمیانے قد کا اور سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھا۔ دوسرا ڈاکو نیلی قمیض اور مہندی رنگ کی شلوار میں تھا، جبکہ دیگر دو کی عمریں بھی تقریباً 36 سے 38 سال کے درمیان تھیں۔
ڈاکو واردات کے بعد اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر موقع سے فرار ہو گئے۔ مدعی محمد لقمان کا کہنا ہے کہ اگر ملزمان کو سامنے لایا جائے تو وہ شناخت پریڈ کے ذریعے ان کی شناخت کر سکتا ہے۔
پولیس تھانہ کالا گجراں نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اہل علاقہ نے واردات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور KDC اسکیم جیسے حساس علاقوں میں سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے۔



