جہلم شہر میں لٹکتی بجلی کی تاریں موت کا سامان بن گئیں، شہریوں کی زندگیاں خطرے میں

جہلم شہر اور اس کے گردونواح کے گلی محلوں اور بازاروں میں بجلی کی لٹکتی ہوئی ننگی تاریں خطرے کی علامت بن چکی ہیں۔ ان تاروں کی وجہ سے متعدد بار کرنٹ لگنے اور شارٹ سرکٹ کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بے ہنگم اور نچلی سطح پر لٹکتی تاریں کسی بڑے حادثے کو دعوت دے رہی ہیں۔ کئی مقامات پر یہ تاریں زمین سے محض چند فٹ کے فاصلے پر جھولتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ بعض جگہوں پر تاروں کے جوڑ بھی ننگے اور خطرناک حالت میں ہیں۔

متعدد بار بچوں اور دیگر شہریوں کو کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں بعض واقعات میں قیمتی جان و مال کا نقصان بھی ہوا ہے۔ خاص طور پر بارش کے دنوں میں یہ صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے، کیونکہ پانی لگنے سے کرنٹ کا خدشہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر وقت ذہنی دباؤ اور خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیا جائے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ یا تو ان تاروں کو محفوظ اونچائی پر منتقل کیا جائے یا فور کور کیبلز کے ذریعے ان کی حفاظتی تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

شہریوں نے واضح کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button