جہلم میں قرآن پاک کی بے حرمتی، ڈی پی او کا جائے وقوعہ کا دورہ، تفتیش میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے محمود آباد علاقہ تھانہ کالا گوجراں میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی صدر، ڈسٹرکٹ سکیورٹی آفیسر ، ایس ایچ او کالا گوجراں بھی ہمراہ تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: جہلم میں قرآن پاک کی مبینہ بے حُرمتی، پولیس نے تفتیش شروع کر دی
ڈی پی او جہلم نے تفتیشی ٹیموں کے سربراہان سے ملاقات کی اور سپروائزری افسران سے مقدمہ کی تفتیش میں اب تک کی ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
تفتیشی افسران نے ڈی پی او جہلم کو بتایا کہ آئی ٹی ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرائی جا چکی ہے، جدید ٹیکنیکل ذرائع سے نامعلوم ملزمان کی سراغ رسانی کی کوشش کی جارہی ہے۔
تفتیشی افسران نے بتایا کہ گردونواح میں موجود تمام تر CCTV کیمرہ جات کی ریکارڈنگ حاصل کی جاچکی ہے، تمام فوٹیجز کی پڑتال کی جا رہی ہے، جائے وقوعہ کے گرد ونواح رہائشیوں اور واقعہ سے متعلق کرداروں کو شامل تفتیش کیا جا چکا ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ مقامی پولیس اور آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی ٹیمیں ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے واقعہ کے ملزمان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ امت مسلمہ کے مذہبی جذبات مجروح کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔



