پنڈدادنخان میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے منصوبے جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

پنڈدادنخان / جہلم: تحصیل پنڈدادنخان میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کے تحت متعدد منصوبے جاری ہیں، جن میں بنیادی مراکز صحت کی تزئین و آرائش، جدید طبی مشینری کی فراہمی، طبی عملے کی کمی کا خاتمہ اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے دورے کے دوران مختلف طبی مراکز کا جائزہ لیا، جن میں رورل ہیلتھ سینٹر للِہ، زیر تعمیر مریم نواز ہیلتھ کلینک، اور بنیادی مرکز صحت ٹوبھہ شامل ہیں۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر للِہ میں مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات سے متعلق شکایات اور مسائل دریافت کیے اور لیبارٹری و فارمیسی کا ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادویات کی دستیابی اور ٹیسٹ کی سہولت ہر مریض کو میسر ہونی چاہیے۔

بعد ازاں انہوں نے زیر تعمیر مریم نواز ہیلتھ کلینک کی عمارت کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو جلد از جلد تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہو۔

تحصیل کے دوسرے مقام پر، بنیادی مرکز صحت ٹوبھہ کے دورے کے دوران انہوں نے انچارج سے موجودہ سہولیات کی تفصیلات حاصل کیں، مختلف وارڈز کا دورہ کیا، اور طبی مشینری و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نئی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ "شہریوں کی شکایات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ نئی عمارت کے قیام سے نہ صرف صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ زیادہ سے زیادہ مریض مستفید ہو سکیں گے۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button