ن لیگ اور جے یو آئی تنازع پر ہم اندر سے ہی نہیں باہر سے بھی خوش ہیں، فیصل چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان تنازع پر ہم اندر سے ہی نہیں بلکہ باہر سے بھی خوش ہیں۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ ہم اس لیے خوش نہیں کہ ان دونوں پارٹیوں کا آپس میں جھگڑا ہے بلکہ ہم اس لیے خوش ہیں کیونکہ اس تنازع میں حکومت کا چہرہ بے نقاب ہورہا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے لیے صبح 5 بجے بل پاس ہوا، ہم جمعیت علما اسلام سے اس وقت بھی کہہ رہے تھے کہ حکومت پر اعتبار نہ کیجئے گا، یہ لوگ اسی طرح کے غیرآئینی کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں پہلے ہی سیاسی و معاشی عدم استحکام اور دہشتگردی ہے، وہاں پر اب علما کو آپس میں لڑوایا جارہا ہے، جب آپ سیاسی جماعتوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں تو پھر لڑائی تو ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو سزا سنائی گئی تو یہ پہلی بار نہیں ہوگا، اس سے پہلے بھی لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں سنائی گییں، ہمیں پتا ہے کہ فیصلے پہلے سے لکھے ہوئے ہیں، اب صرف سنانے باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رات کو 12 بجے بھی عدالتیں لگائی گییں، قوانین کو بلڈوز کرکے ٹرائل کیے گئے، فرد جرم میں قوانین کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں، 130 افراد کے خلاف پراسیکیوٹر فرد جرم پڑھتا ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کی جو صورتحال ڈھائی سال پہلے تھی وہ اب نہیں، اتنی زیادہ بیساکھیوں کے باوجود حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوچکی ہے، یہ حکومت زیادہ عرصہ برقرار نہیں رہ پائے گی۔



