جہلم: اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور درستگی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ جنید ابراہیم، رعنا لیاقت حمید

جہلم: اراضی ریکارڈ کو جلد از جلد کمپیوٹرائز کرنے اور شہریوں کے ریکارڈ کو درست کرنے کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
یہ بات ممبر بورڈ آف ریونیو جنید ابراہیم اور سیکرٹری بورڈ آف ریونیو سیٹلمنٹ رعنا لیاقت حمید نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ ڈی سی آفس جہلم میں ضلع بھر کے ریونیو افسران کے ساتھ دو مختلف اجلاسوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کا نظام محکمہ ریونیو کے ریکارڈ کی بنیاد پر کام کر رہا ہے۔ ریکارڈ کی درستگی نہ صرف حکومتی امور کو بہتر طریقے سے چلانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ شہریوں کو اراضی ریکارڈ کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ازالہ بھی ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ کے کمپیوٹرائز ہونے سے نہ صرف ریکارڈ محفوظ ہوگا بلکہ بوقت ضرورت فوری طور پر دستیاب بھی ہوگا جبکہ شہری آن لائن اپنے ریکارڈ کو چیک اور تصدیق کر سکیں گے۔



