سندھ طاس معاہدہ کی عہد شکنی سے پہلگام کا بھارتی ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ہے، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے کہا ہے کہ پہلگام میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے بعد بھارتی میڈیا کا طرز عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک منظم بھارتی سازش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا اور سندھ طاس معاہدے جیسے بین الاقوامی معاہدے کو سبوتاژ کرنا ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ عبدالحمید عامر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی پہلگام میں سیاحوں کے قتل کا واقعہ پیش آیا، بھارتی میڈیا نے محض پانچ منٹ بعد اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنا شروع کر دیا، حالانکہ اس دہشت گردی میں وہی امریکی ساختہ ہتھیار استعمال ہوئے ہیں جو اس سے قبل جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے میں بھی استعمال کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دی ہے، جو کہ نہ صرف اخلاقی اور اصولی لحاظ سے غلط ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

حافظ عبدالحمید عامر نے وزیر اعظم پاکستان کے اس بیان کی بھرپور تائید کی کہ اگر پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی روکا گیا تو اسے بھارت کی طرف سے اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کی بہادر افواج ہر قسم کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور جب بھی ملک کو خطرہ لاحق ہوا ہے، پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا ہے۔ "ہماری تاریخ گواہ ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ہم ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button