عیدالفطر کے موقع پر جہلم میں مثالی انتظامات، شہریوں کا ضلعی افسران کو خراجِ تحسین

جہلم: عیدالفطر کے تینوں ایام میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلعی پولیس، محکمہ صحت، ڈسٹرکٹ جیل اور ٹریفک پولیس کے افسران و عملے نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شہریوں نے بہترین انتظامات پر ضلعی افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ نے عید کے تینوں روز غیر معمولی انتظامات کیے۔ ان اقدامات کا دائرہ کار نہ صرف شہری علاقوں تک محدود تھا بلکہ دیہی علاقوں میں بھی خصوصی صفائی مہم چلائی گئی۔ عید گاہوں، مساجد، بازاروں، تفریحی مقامات، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں کچرا بروقت ٹھکانے لگایا، سڑکوں اور گلیوں کی دھلائی کی، جبکہ عوامی مقامات پر صفائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ڈیوٹیاں سر انجام دیں۔ تمام شہری اور دیہی علاقوں میں چونے کے چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے حسبِ روایت مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حادثات کے شکار شہریوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کیں۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک سٹی کی ناقص کارکردگی کے باعث سول لائن روڈ، کچہری روڈ اور میجر اکرم شہید نشانِ حیدر روڈ سمیت متعدد مقامات پر سٹریٹ لائٹس جزوی طور پر بند رہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت اور ٹریفک پولیس کے مثالی اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی بازپرس کی جائے تاکہ مستقبل میں شہری حکومتی سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی عید کے بعد بھی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو ہمیشہ ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button