ضلع بھر میں زیرو ویسٹ ایکٹیوٹی کا عمل جاری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب مہم، انسداد تجاوزات آپریشن، اور جہلم شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس مہم کو جلد مکمل کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد ملبہ ہٹانے کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کو درپیش مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔
ڈی سی جہلم میثم عباس نے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں زیرو ویسٹ ایکٹیوٹی کا عمل جاری ہے، جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز خود کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر گلی اور محلے سے کچرے کا مکمل صفایا کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس مہم کو مزید کامیاب بنانے کے لیے ڈی سی جہلم نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ صفائی کے انتظامات کو مزید موثر بنائیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں شہروں کی خوبصورتی کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈی سی جہلم نے اسسٹنٹ کمشنرز سے ان کی تحصیلوں میں ہونے والے ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں مزید بہتر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی اور خوبصورتی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ جہلم کے شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں ضلعی افسران نے بھی شرکت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔



