جہلم میں ای گیجٹ سافٹ ویئر کی مدد سے کار اور موبائل چوری کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم: آئی ٹی برانچ جہلم کی احسن کارروائی کے نتیجے میں ای-گیجٹ (e-Gadget) سافٹ ویئر کی مدد سے کار چوری اور موبائل چوری کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جہلم میں ایک موبائل شاپ پر چوری شدہ موبائل فون فروخت کرنے آیا تھا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی نشاندہی کر کے فوری حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ آئی فون 14 پرو میکس برآمد کر لیا گیا جو اس نے چند روز قبل چرا کر فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔ مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم سال 2023 سے گجرات پولیس کو چوری کے مقدمے میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جرائم کا خاتمہ اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ پولیس ضلع گجرات کے حوالے کیا جا رہا ہے۔



