جہلم کے محلہ رشید آباد روہتاس روڈ کے باسی گندے پانی کے عذاب میں مبتلا

جہلم: محلہ رشید آباد، روہتاس روڈ کے مکین سالوں سے گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ایک طرف "ستھرا پنجاب” کے نعرے لگائے جاتے ہیں جبکہ دوسری طرف جہلم میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے اس علاقے کی داخلی سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ گزشتہ 15 سالوں سے اس سڑک پر پانی کھڑا ہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔
نالوں کی بروقت اور مکمل صفائی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ مارکیٹ مالکان نے نالوں کو پختہ کرکے بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے پانی کی نکاسی ممکن نہیں رہی۔ متعلقہ محکمے کی عدم دلچسپی کے باعث گندا پانی بدستور سڑکوں پر موجود رہتا ہے اور اہل علاقہ شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
اہل محلہ کے مطابق اس آبادی کے داخلی راستے پر نالیوں کا گندا پانی کھڑا ہونے سے بزرگ نمازی، سکول جانے والے بچے، خواتین اور دیگر شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ بعض اوقات پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے اور حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے پرزور احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقہ کا دورہ کریں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن "ستھرا پنجاب” کے تحت اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔



