جہلم میں مضر صحت تکہ، کباب اور شوارما کی فروخت، شہری موذی امراض میں مبتلا

جہلم شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں مضر صحت تکہ، کباب، شوارما اور چپل کباب کی فروخت کھلے عام جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی خاموشی اور عدم توجہی نے شہریوں کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
ناقص اور غیر معیاری اجزاء سے تیار کیے گئے یہ کھانے شہریوں کے لیے زہر قاتل ثابت ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہری مختلف موذی امراض جیسے معدے، جگر اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
جہلم شہر کے اندرون علاقوں اور گلی محلوں میں جانوروں کی آنتوں اور گلے سڑے اجزاء سے بنے تکے، کباب اور چپل کباب فروخت کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان غیر معیاری کھانوں کی فروخت کرنے والوں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کر رکھی ہے، جہاں نہ تو حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ ہی یکساں قیمتوں کا کوئی ضابطہ موجود ہے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ یہ غیر معیاری اور مضر صحت کھانے ان کی صحت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے بارہا شکایات کے باوجود پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے اس سنگین مسئلے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاہی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے غیر معیاری کھانے فروخت کرنے والوں پر فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔
شہریوں نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضر صحت کھانوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ان جان لیوا خطرات سے بچایا جا سکے۔



