دینہ پولیس کی اہم کامیابی، نقب زنی کا ملزم گرفتار، چوری شدہ رقم برآمد

دینہ پولیس نے نقب زنی کے ایک اہم مقدمے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ دینہ کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم فاروق علی کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے چوری شدہ رقم 5 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے،ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم، طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ شہریوں کے قیمتی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے پولیس کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور عوام کو یقین دلایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



