دینہ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ حسین ڈوگر کی قیادت میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ پر تمام پختہ تھڑے، دیواریں، ٹھیے، بڑے سائن بورڈ سمیت دیگر تجاوزات کو بڑی مشینری کے ساتھ گرا دیا گیا اور سامان ضبط کر لیا گیا۔
یہ آپریشن وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر شروع کیا گیا، جو مسلسل 10 دن تک جاری رہے گا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری ہائی الرٹ رہی۔
آپریشن میں تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ گلشن نورین، ایم او آئی سہیل اشرف اور محمد قاسم بھی ہمراہ تھے۔ آپریشن صبح گیارہ بجے شروع ہوا اور کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ جی ٹی روڈ پر پختہ تھڑے، غیر قانونی دیواریں، ٹھیے، اور بڑے سائن بورڈز کو ہٹا کر سرکاری زمین پر قبضہ کو واگزار کرایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس بھی موقع پر پہنچ گئے اور تمام تر آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ حسین ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "آپریشن کے دوران ہم نے جی ٹی روڈ سے غیر قانونی تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹایا ہے، اور سرکاری زمین پر قبضہ کو واگزار کرایا ہے۔ آپریشن میں کسی قسم کی کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگلا مرحلہ مین بازار، منگلا روڈ، اور ریلوے روڈ پر زور و شور کے ساتھ ہوگا، اور یہ آپریشن 10 دن تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے آپریشن کیے جائیں گے تاکہ شہر میں تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے۔



