جہلم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی

جہلم: آئیسکو کی ستم ظریفی عروج پر پہنچ گئی، جہلم شہر اور گردونواح میں گھنٹوں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے صارفین کے کاروبار اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو واپڈا نے جہلم سرکل میں کئی ماہ سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس صورتحال نے کاروباری افراد کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، اور ان کے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
آئیسکو جہلم سرکل نے شہری آبادی کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے گھنٹوں بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ضلع کچہری میں آنے والے سائلین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپتالوں میں بھی صورتحال سنگین ہو چکی ہے، جہاں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے آپریشنز ملتوی کیے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری اداروں کے امور بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جہلم میں تمام سرکاری دفاتر، تھانے، اور کاروباری مراکز ہونے کے باوجود شہری آبادی کو دو حصوں میں تقسیم کر کے لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کیا گیا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے اپیل کی ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔



