جہلم میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہریوں کی زندگی اجیرن

جہلم شہر اور گردونواح کے علاقوں میں آوارہ اور خارش زدہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ گلی محلوں میں یہ آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں آزادانہ مٹرگشت کرتے ہیں اور اکثر لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ معمر افراد کے لیے اندھیرے میں نماز کے اوقات میں مساجد جانا اور خواتین کے لیے گھروں سے خریداری کے لیے باہر نکلنا محال ہو چکا ہے۔ والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید پریشانی لاحق ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ سکولوں اور دینی درسگاہوں کے طلبہ و طالبات کتوں کے جھنڈوں کے خوف سے تعلیم کے لیے گھر سے نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ آوارہ کتوں کی بہتات سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لینے اور آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو اس سنگین مسئلے سے نجات مل سکے۔



