جہلم میں پانچ سالہ بچے کو قتل کرنے والے مجرم کو عمر قید کی سزا

جہلم کے نواحی علاقہ میں پانچ سالہ بچے کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے والے مجرم کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے علاقے کوٹھا پرانا میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں پانچ سالہ بچے عثمان کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالت نے مقدمہ نمبر 423/24 بجرم 302/363 تعزیرات پاکستان کے تحت مجرم محمد عبداللہ کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے معاوضے کی سزا سنائی ہے۔
گزشتہ سال مقتول عثمان گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ گمشدگی کے بعد اہل خانہ نے بچے کی تلاش کی اور مساجد میں اعلانات کروائے لیکن اگلی صبح بچے کی لاش ویران مقام پر جھاڑیوں کے قریب سے ملی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ عثمان کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
جہلم پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے مجرم محمد عبداللہ کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی موثر پیروی کرتے ہوئے پولیس نے جرم ثابت کیا، جس کے نتیجے میں عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم نے اس کامیاب تفتیش کو قانون اور انصاف کی فتح قرار دیتے ہوئے انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔ انہوں نے ٹیم کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو سزائیں دلوانا انصاف کی فراہمی کا اہم جزو ہے اور ایسے اقدامات معاشرے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہیں۔



