جہلم میں گوشت کے من مانے نرخ، سرکاری ریٹ لسٹ محض شوپیس

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قصابوں نے گوشت کے من مانے نرخ مقرر کر رکھے ہیں جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ کو محض شوپیس کے طور پر دکانوں پر آویزاں کیا ہوا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ گائے، بچھڑے اور بکرے کے گوشت کے نرخ قصاب اپنی مرضی سے وصول کر رہے ہیں اور سرکاری نرخ نامے کو مکمل نظرانداز کر رہے ہیں۔ بعض قصاب گوشت کو پانی لگا کر فروخت کر رہے ہیں، جو بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ تین درجن کے قریب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرے تاکہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں بازاروں کے دورے کیے جائیں، گوشت کے معیار اور نرخ چیک کیے جائیں، اور سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے۔
شہریوں نے اپیل کی ہے کہ ایسے قصابوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



