سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر حادثے کا شکار آئل ٹینکر کو تاحال نہیں ہٹایا جا سکا، یک طرفہ ٹریفک سست روی کا شکار

سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پنڈ متے خان پل پر ٹرک اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے باعث تیرہ گھنٹے سے زائد بد ترین ٹریفک جام رہا۔ حادثہ کے بعد رات گئے بہاؤ کم ہونے پر ٹریفک کی جزوی بحالی ممکن ہوئی تاہم چوبیس گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود حادثے کا شکار آئل ٹینکر کو تاحال نہیں ہٹایا جا سکا۔
حادثے کے بعد لاہور سے راولپنڈی جانے والا ٹریک مکمل بند کر دیا گیا جبکہ یک طرفہ ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق ٹریفک کی مکمل بحالی میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں حادثے کا شکار آئل ٹینکر میں پچاس ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود ہے جو ایک انتہائی آتش گیر مادہ ہے۔ اسی وجہ سے ٹینکر کو کرین کے ذریعے ہٹانے کا رسک نہیں لیا جا رہا۔
ایس ایس پی موٹروے کا کہنا ہے کہ ٹینکر سے آئل کو دوسرے ٹینکر میں انتہائی احتیاط کے ساتھ منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ایس ایس پی موٹروے کے مطابق حادثہ کا شکار ٹینکر سے آئل کی منتقلی میں مزید تین سے چار گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ آئل کی منتقلی مکمل ہونے کے بعد ہی ٹینکر کو کرین کے ذریعے ہٹایا جائے گا جس کے بعد ٹریفک کو دونوں اطراف سے کھولا جا سکے گا۔
تحصیل انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ایمبولینسز، پولیس تھانہ سوہاوہ اور موٹروے پولیس کی بھاری نفری گزشتہ رات سے جائے حادثہ پر موجود ہے جبکہ ایس ایس پی موٹروے نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔



