تیز اور مؤثر انصاف کی فراہمی جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او ناصر محمود باجوہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے شاندار چوک جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔
ڈی پی او جہلم نے کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا اور فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے موقع پر ہی کئی مسائل کے حل کو یقینی بنایا۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ عوام کو تیز اور مؤثر انصاف فراہم کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا اور سماجی برائیوں کا خاتمہ پولیس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں، قحبہ خانوں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں تاکہ سماج دشمن عناصر کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ڈی پی او نے آئی جی پنجاب کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری انصاف ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کی تشکیل، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانوں کی بطور اسپیشل پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان مراکز میں 24 گھنٹے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی کی ہدایات پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے۔ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد انصاف کو جلد از جلد عوام تک پہنچانا ہے۔
آخر میں انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ بغیر کسی جھجک کے کھلی کچہریوں میں شریک ہوں اور اپنے مسائل پیش کریں، کیونکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے پولیس مکمل طور پر پرعزم ہے۔



