دریائے جہلم سے ایک ہی دن میں دو نامعلوم خواتین اور ایک نوجوان کی لاشیں برآمد

پنڈدادنخان: دریائے جہلم سے ایک ہی دن میں دو نامعلوم خواتین اور ایک نوجوان کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم سے بگا پتن اور عیسیٰ وال پتن سے ایک ہی دن میں دو نامعلوم خواتین اور ایک نوجوان کی لاشیں ملی ہیں۔ بگا پتن کے قریب سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی لاش کو تھانہ للِہ پولیس نے ریسکیو 1122 پنڈ دادنخان کی مدد سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان منتقل کر دی ہے۔
بگا پتن کے قریب سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی دوسری لاش پرائیویٹ گاڑی پر جھاوریاں منتقل کی جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔
عیسیٰ وال پتن کے قریب دریائے جہلم میں ڈوبنے والے خضر آباد کے رہائشی 35 سالہ نوجوان عمران کی لاش آج چار روز بعد ملی ہے۔ ریسکیو1122بھیرہ کی ٹیم نے نوجوان کی لاش 60 چک این بی خضر آباد منتقل کر دی۔
دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والا عمران نامی نوجوان عیسیٰ وال بیلا میں کتوں کی لڑائی دیکھنے آیا ہوا تھا۔
دریائے جہلم سے ایک دن میں تین لاشیں ملنے پر ضلع جہلم اور ضلع سرگودھا کے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔



