تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ الطاف حسین ہائی سکول کا دورہ کیا اور اس موقع پر سکول کے اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے طلباء سے نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کی تعلیمی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اساتذہ سے تعلیمی منصوبوں اور ایجوکیشنل پلان کی تفصیلات بھی حاصل کیں تاکہ سکول کی تعلیمی حکمت عملی کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر سکول کی پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر کو تعلیمی سرگرمیوں اور طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی۔ پرنسپل نے اساتذہ کی محنت اور طلباء کی کارکردگی کو اجاگر کیا اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی ماحول کی بہتری اور سکول کے تمام شعبوں میں مزید ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاکہ طلباء کو بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج سول لائنز جہلم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کالج کے مختلف شعبوں میں نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، صفائی ستھرائی اور تعلیمی ماحول کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، بچیوں کی تعلیم نہ صرف فرد کی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ پوری نسلوں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔



