جہلم میں سرکاری پلاٹو ں اور اراضی پر قبضے، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ خاموشی، عوام میں بے چینی

جہلم میں سرکاری پلاٹو ں اور اراضی پر قبضے شروع ہو گیے، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خاموش تماشائی کرنے لگا۔
سرکاری جگہوں و اراضی پر قبضہ اور اس پر متعلقہ ادارے کی مجرمانہ خاموشی عوام میں بے چینی کا سبب بن رہی ہے۔ قبضہ مافیا نے سرکاری جگہوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ دکانداروں نے کئی کئی فٹ تک قبضے کر کے سڑکوں کو اور راہداریوں کو اپنی دکانوں کا حصہ بنانا شروع کررکھاہے۔
جہلم شہر کی سڑکوں پر قبضہ مافیا نے اہم اور قیمتی سرکاری اراضی پر قابض ہو کر تجاوزات قائم کرنی شروع کررکھی ہے۔ جن میں ہوٹل، دکانیں ، مکانات ،پلازے وغیرہ شامل ہیں۔ مذکورہ مافیا کو با اثر افسران کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنا درجہ چہارم کے ملازمین کے بس کی بات نہیں ۔
متعلقہ حکام اول تو قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کی طرف سے چشم پوشی اختیار کر لیتے ہیں جب کہ شہری تنظیموں کے عمائدین کی جانب سے باز پرس کرنے پر متعلقہ ذمہ داران محض خانہ پری کاغذی کارروائیاں یا فوٹو سیشن کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوا دیتے ہیں ۔



