ضلع جہلم میں جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری بیج کے استعمال سے فصلیں تباہ ہونے لگیں


جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری بیج کے استعمال سے فصلیں تباہ ہونے لگیں، فصلوں کی تباہی کے نقصانات کے باعث کسانوں اور کاشتکاروں کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں جعلی ادویات اور غیر معیاری بیج کی فروخت پر قابو نہ پایا جا سکا، محکمہ زراعت کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث ضلع بھر میں جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری بیج فروخت کرنے والوں کا دھندہ عروج پر ہے۔
جہلم شہر سمیت ضلع جہلم میں جعلی زرعی ادویات سے فصلیں تباہ ہونے سے بھاری نقصان کے باعث کسانوں اور کاشتکاروں کو معاشی بد حالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلع بھر میں جعلی زرعی ادویات کی فروخت نہ رکنا محکمہ زراعت کے ضلعی افسران کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے۔
کسان رہنمامرزا قدیر بیگ کااس حوالے سے کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کے ذمہ داران نے جعلی ادویات اور غیر معیاری بیچ فروخت کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جس کی وجہ سے جعلی ادویات و بیج فروخت کرنے والے دکاندار دیدہ دلیری کے ساتھ جعلی ادویات و بیج فروخت کر کے لگثری گاڑیوں کوٹھیوں، محلات، پلازوں کے مالک بن چکے ہیں جبکہ کسان معاشی بدحالی کا شکار ہونے کیوجہ سے کاشتکاری سے لا تعلقی اختیار کر کے محنت مزدوری کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔
متاثرہ زمینداروں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنرجہلم ور ایڈوایزر صوبائی محتسب پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالہ کیا ہے۔



