جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گندگی کے ڈھیر جلانے کا سلسلہ جاری


جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گندگی کے ڈھیر جلانے کا سلسلہ جاری، گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے دھوںیں کے بادل بیماریوں کا باعث بننے لگے۔ میونسپل کمیٹی کاعملہ گندگی کے ڈھیر اُٹھانے کی بجائے آگ لگا کر تلف کیا جانے لگا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہرسمیت ملحقہ علاقوں میں تعینات سینٹری ورکر گندگی کے ڈھیروں کو اٹھانے کی بجائے علی الصبح آگ لگا دیتے ہیں۔ آگ کی وجہ سے گندگی کے ان ڈھیروں سے اُٹھنے والے دھوئیں سے شہر بھر میں سانس لینا بھی دشوار ہوجاتا ہے جبکہ دھوئیں کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
محمد افضل، محمد راشد، دلاور حسین، چودھری سہیل عزیز، اصغر، میاں بلال، میاں آصف، چودھری ندیم و دیگر شہریوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو ٹھکانے لگانے کے سخت احکامات جاری کر رکھے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکر گندگی ٹھکانے لگانے کی بجائے موقع پر آگ لگا دیتے ہیں جو کہ شہریوں کےلیے سخت نقصان دہ ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور قانون کامذاق اڑانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیاہے۔



