جہلم میں تجاوزات کرنے کی کھلی آزادی، وزیراعلیٰ کی تصویر لگاؤ اور موجیں اڑاؤ کا نیا قانون متعارف

جہلم شہر کے بازاروں چوک چوراہوں میں تجاوزات مافیا کو میونسپل کمیٹی کی طرف سے تجاوزات قائم کرنے کی کھلی آزادی، وزیراعلی پنجاب کی تصویر لگاؤ موجیں اڑاؤکا نیا قانون متعارف کروا دیا گیا، تصویر آویزاں نہ کرنے والے ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشوں کی میونسپل کمیٹی یاترا، شہر میں ہرطرف وزیراعلی کی تصویروں کی بہار، شہریوں کو تجاوزات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ انکروچمنٹ کے ذمہ داران نے شہر کی سڑکوں پر قائم ہونے والی تجاوزات ختم کرنے کی بجائے ریڑھی بانوں ،لوڈر رکشہ ڈرائیوروں کو نیا حکم نامہ جاری کر دیا جس جس نے شہر کے بازاروں چوک چوراہوں میں تجاوزات قائم کرنی ہے اس نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ تجاوزات کے حکم پر عمل کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کی تصویر اپنی ریڑھی اور لوڈر رکشہ پر نمایاں جگہ پر پینا فلیکسز آویزاں کرنی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب کی تصویر آویزاں نہ کرنے والے لوڈر رکشہ ،اور ریڑھی بانوں کی ریڑھیاں میونسپل کمیٹی کہ سٹور میں ضبط کر لی جاتی ہیں ،جس پر عملدآمد کرتے ہوئے بیشتر لوڈررکشہ و ریڑھی بانوں نے اپنی اپنی ریڑھیوں اور رکشوں پر وزیر اعلی پنجاب کی تصویریں آویزاں کر کے شہر کے چوک چوراہوں، گلی محلوں، اندرون شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف کھڑی کر کے چھوٹی گاڑیوں ایمبولینسنز، فائر برگیڈ سمیت دیگر افراد کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ سول لائن روڈ سمیت شہر کے بازاروں گلی محلوں ،چوک چوراہوں میں قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ کروایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



