ڈپٹی کمشنر جہلم کی قیادت میں ضلع بھر میں کام جاری، تمام محکمہ جات متحرک ہونے سے شہریوں کو ریلیف ملنے لگا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی قیادت میں ضلع بھر میں کام جاری، تمام محکمہ جات متحرک ہونے سے شہریوں کو ریلیف ملنے لگا، ایک ہفتہ کے دوران مختلف محکموں کی سینکڑوں کارروائیاں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کی قیادت میں مختلف محکمہ جات متحرک ہونے سے عوامی ریلیف کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران شہریوں کے اہم ترین مسئلہ پرائس کنٹرول پر خصوصی اقدامات دیکھنے میں آئے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 4675 مقامات پر قیمتوں کا جائزہ لیا اور 237 گراں فروشوں کو 3 لاکھ 48 ہزار جرمانہ کیا گیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے 14روپے روٹی کی مقررہ قیمت چیک کرنے کیلئے 252 ہوٹل تندور چیک کئے گئے اور 36 افراد کو جرمانے اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت اب تک 9765 افراد کو رجسٹر کیا جا چکا ہے جبکہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈی سی دفتر میں روزانہ درجنوں شہریوں کے مسائل پر ایکشن لیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نہ صرف دفتر میں شہریوں کی شکایات سن کر احکامات جاری کرتی ہیں بلکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران خود عوامی مسائل کا جائزہ لینے اور حل کرنے کیلئے روزانہ فیلڈ میں موجود ہوتے ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ڈی سی جہلم نے بیس سے زائد مقامات پر شہریوں کی شکایات پر دور ہ کیا اور اعلی افسران کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، ڈی سی جہلم کی ہدایت پر دریائے جہلم پر کشتی بانوں کی ریسکیو تربیت کا اہتمام کیا گیا، جہلم بند پر بیرئیر لگانے کے بعد منگلا ڈیم کے ریڈ زون سے کرش پلانٹس کا خاتمہ بھی عمل میں لایا گیا۔

اسی طرح محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی شکاریوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں، غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کو سیل اور پنڈدادنخان میں غیر قانونی واٹر کنکشن ہٹائے گئے جبکہ شہر کی چاروں تحصیلوں میں صفائی کے انتظامات بہترسے بہتر بنانے پر کام جاری ہے گرین بیلٹس کو خوبصور ت بنانے اور شجر کاری کا سلسلہ بھی عروج پر ہے۔

گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہزاروں پودے لگائے گئے سرکاری محکموں کے صحن اور لان دلکش بنانے کیلئے 182 مالی لگائے گئے ہیں زائد کرایہ وصول کرنے والے متعدد ٹرانسپورٹرز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے پٹرول پمپس کی چیکنگ، غیر قانونی ادویات کے خلاف محکمہ صحت کو متحرک کرکے درجنوں افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ شہر کی خوبصورتی کی خاطر مختلف پراجیکٹس بھی جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button