پنجاب کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں مزید اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

جہلم: پنجاب بھر کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔محکمہ خزانہ پنجاب نے مالی اختیارات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ترقیاتی سکیموں کی مد میں کمشنرز اور ڈی سیز کے اختیارات بڑھا دیئے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب ڈیلی گیشن آف فنانشل پاور رولز 2016 میں ترامیم کی گئی ہیں، تقریباً 23 سال بعد ڈی سی کی سکیموں کی منظوری کی رقم کو پانچ کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈویژنل کمشنرز کی سکیم منظوری کی رقم کو 20 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی منظوری کی رقم کو 40 کروڑ سے بڑھا کر 80 کروڑ تک کے اختیارات دیئے گئے ہیں، بڑھتی مہنگائی کے باعث ترقیاتی سکیموں کی لاگت میں اضافے کے پیش نظر فنانشل بریکٹ کو بڑھایا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



