جہلم کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار، دو منشیات فروش بھی گرفتار

جہلم/ دینہ: اینٹی نارکوٹکس فورس نے ڈی جی اے این ایف کی خصوصی ہدایت پر ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔
اے این ایف سے جاری رپورٹ کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف اے این ایف نے گھیرا تنگ کردیاہے ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہلم اور راولپنڈی میں تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ہیں ۔ ملزمان سے 2 کلو 438 گرام منشیات برآمدکی گئی ۔
جہلم کی تحصیل دینہ میں مزید 2 ملزمان سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 60 ایکسٹیسی گولیاں برآمدکرکے ایک ملزم گرفتارکیاگیا۔ملزم نے اسلام آباد کے بڑے نجی تعلیمی ادارے میں منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کیاہے ۔
ترجمان اے این ایف نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات سپلائی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، تعلیمی اداروں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے اداروں کے ساتھ مل کر گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف نے مزید کہاکہ نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے والے ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہچانا اولین ترجیح ہے۔ دیگر کارروائی میں جمرود روڈ پشاور پر ملزم سے 5 کلوگرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔ملزمان سے برآمد کی گئی منشیات کی مالیت 90 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ترجمان نے بتایاکہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



