جہلم میں موسلادھار بارش، ڈومیلی میں سیلابی صورتحال،منی ڈیم ٹوٹ گیا، پانی گھروں میں داخل

جہلم میں موسلا دھار بارش سیلابی صورتحال میں تبدیل ہو گئی، سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں منی ڈیم ٹوٹ گیا، پانی بستیو ں کی طرف بڑھنے لگا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، بارشی پانی علاقہ مکینوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں موسلا دھار بارش سے ڈومیلی کے علاقے بھاٹی میں منی ڈیم ٹوٹ گیا، ڈیم ٹوٹنے کی فوٹیج بی بی سی جہلم نے حاصل کرلی۔ فوٹیج میں ڈیم سے پانی نکلتے دیکھا جاسکتا ہے، منی ڈیم مسلسل بارش سے دباو برداشت نہ کرنے کی وجہ سے ٹوٹا ہے۔

منی ڈیم ٹوٹنے سے پانی اردگرد آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ ہے، جس کے بعد لوگ ارد گرد کے دیہاتیوں کو محفوظ رہنے کے لیے پیغام پہنچا رہے ہیں۔ منی ڈیم ٹوٹنے سے بڑا گواہ، جھنگ کھوکھراں، رسیلہ خورد سمیت متعدد بستیاں متاثرہ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بارش سے مکان کی چھت اور دیوار گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، دونوں واقعات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈومیلی کے نواحی علاقوں میں برساتی نالے بپھر گئے، ڈومیلی سے جی ٹی روڈ کی طرف جانے والی سڑک کے پل کے اوپر سے پانی گزرنے کے باعث بند راستہ سڑک بند ہو گئی۔ ڈھوک مادو اور تھلہ چوہدریاں میں گھر کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈیرہ آئمہ میں جانوروں کے فارم میں برساتی پانی داخل ہونے سے پچاس سے زائد جانور پانی میں بہہ گئے۔

بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں، بعض دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ ریسکیو 1122کے عملے کو متعلقہ علاقوں میں پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ انتظامیہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات سے بے خبر ہے۔

تحصیل سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں مل کھوکھراں، جھنگ کھوکراں اور ملحقہ علاقوں میں پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، تین سے چار فٹ پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کی املاک اور سامان کو شدید نقصان پہنچا۔ کچے گھروں کی دیواریں گرنے کا خدشہ ہے۔

متاثرہ علاقوں کے شہری ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی امدادی ٹیموں کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button