جہلم کے متعدد علاقوں میں سٹریٹ لائٹس خراب، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: پیرا غیب تا بلال ٹاؤن، کچہری روڈ تا منڈی موڑ اور ضلع کچہری کی سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا، میونسپل کمیٹی کے حکام نے شکایات کے باوجود شہریوں کے مسائل سے چشم پوشی اختیار کرلی، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے کئی ماہ سے میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی کے باعث جہلم شہرکی سڑکوں گلی محلوں میں نصب سٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہیں۔ شہریوں کی شکایت کے باوجود میونسپل کمیٹی کے متعلقہ شعبہ کے ذمہ داروں کے کانوں تک جوں نہ رینگی۔
پیرا غیب، سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، شمالی محلہ ، محمدی چوک، قبرستان روڈ اور ضلع کچہری کے رہائشیوں نے بتایا کہ سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے گلیاں مسلسل تاریکی میں ڈوبی رہتی ہیں۔ نشے کے عادی افراد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان گلیوں میں اکثر چوری چکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعدد بار میونسپل کمیٹی میں زبانی و تحریری طور پر شکایات کا اندراج کروا چکے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ سٹریٹ کرائمز کی اکثر وارداتیں سٹریٹ لائٹس کے نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتی ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے گلی محلوں ، چوک چوراہوں ، سڑکوں سمیت ملحقہ آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس کو چالو کیا جائے تاکہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات کاخاتمہ ممکن ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



