ضلع جہلم کے یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی آٹے کے حصول کے لئے عوام کی لائنیں لگ گئیں

جہلم: ضلع بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی آٹے کے حصول کے لئے عوام کی لائنیں لگ گئیں، مگر آٹا صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اندراج والوں کو ہی مل رہا ہے، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں موجود یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ افراد کوہی کم قیمتوں پر آٹا مہیا کررہے ہیں جبکہ غریب ،سفید پوش نادار خواتین و افراد علی الصبح یوٹیلیٹی سٹورز کے باہر لائینوں میں کھڑے ہوجاتے ہیں۔
باری آنے پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین جب غریب لوگوں کو بتاتے ہیں کہ آپ کا بی آئی ایس پی پر رجسٹرڈ نہیں جس پر پورا دن ذلیل و خوار ہونے والے غریب افراد بددعائیں دیتے ہوئے مایوس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں ۔
شہریوں کاکہنا ہے کہ حکومت نے جب غریب عوام کے لئے رمضان پیکج شروع کیا ہے تو یہ سب کے لئے ہونا چاہیے تاکہ غریب افراد اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی مہیا کرسکیں۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان اور صدر پاکستان سے غریب نادار ،سفید پوش لوگوں کو کم قیمتوں پر آٹا فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔



