شہادت امام حسینؓ اُصولی موقف پر کھڑے رہنے کا درس دیتی ہے، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای

لوٹن: جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں یوم عاشور پر شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں برطانیہ بھر سے علمائے کرام اور ثناخوانان مصطفیٰﷺ نے شرکت کی اور شہادت امام حسینؓ اور واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہادت امام حسینؓ ہمیں ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اوراُصولی موقف پر کھڑے رہنے کا درس دیتی ہے۔
کانفرنس کے میزبان علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے کہا کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓن اور ان کے رفقا نے کربلا میں قربانیوں کی بے نظیر مثال قائم کی۔ان قربانیوں سے حق و صداقت کا علم ہر حالت میں بلند رکھنے کا درس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دو ہی نظریہ اور کردار ہیں ایک حسینیؓ فکر سوچ اور عظیم کردار ہے دوسرا یزیدی کردار ہے،ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم کس کے نظریات و افکار کو اپناتے ہیں۔ حسینؓ کل بھی زندہ تھا اور آج بھی زندہ ہے جب کہ یزید کل بھی مردہ تھا اور آج بھی مردہ ہے۔
ان کے پُرجوش خطاب کے دوران حسینیت زندہ باد، یزیدیت مردہ باد، یا حسین اور حیدر حیدر کے نعرے بلند ہوتے رہے۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ یہ برطانوی سرزمین پر یوم عاشور کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔
دیگر مقررین میں صاحبزادہ سید زبیب حسین شاہ، سلیم احمد صابری، صاحبزادہ فضل محمد، الحاج گُل تعارف نقشبندی اور قاری اجمل قادری نے امام حسین علیہ اسلام کی شہادت کو حق اور باطل کے درمیان سب سے بڑا معرکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق کی خاطر سارے خاندان کی جانوں کا نزرانہ دے دیا مگر باطل کے سامنے نہیں جھکے۔
نوجوان اسلامک اسکالر صاحبزادہ فضل محمد نے انگریزی میں خطاب کیا۔شہباز قمر فریدی اور دیگر نعت خوانان نے امام عالی مقامؓ کی عقیدت میں گُلہائےعقیدت پیش کئے۔
پروگرام کے اختتام پر عالم اسلام، آزادی کشمیر اور فلسطین کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر پیر بلال چشتی اجمیری ، راجہ سلیم ،ریاض بٹ، پروفیسر چوہدری امتیاز احمد، راجہ محمد یعقوب، آزاد ملک نکیالوی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



