جہلم کے غریب مزدور کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ، ایک کروڑ روپے تاوان طلب

جہلم کے 45 سالہ غریب مزدور کو کچے کے ڈاکوؤں نے مبینہ طور اغواء کر لیا، ڈاکوؤں نے مغوی کی بازیابی کیلئے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کر لیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم سے خان پور شادی میں شرکت کیلئے جانے والے میانہ چک نئی آبادی کالا گجراں کے رہائشی 45 سالہ غریب مزدور فضل سبحان کو کچے کے ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اغواء کر لیا، نامعلوم اغواء کاروں نے مغوی کی بازیابی کے لئے ایک کڑور روپے تاوان مانگ لیا۔
ایف آئی آر متن کے مطابق مغوی فضل سبحان گھر سے خان پور میں دوست کی شادی کا بتا کر گیا تھا، مغوی فضل سبحان بھٹہ خشت پر مزدوری کرتا ہے۔
اغواء کار مغوی کے موبائل نمبر سے کال کر کے اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان کی رقم مانگ رہے ہیں۔ تاوان کی رقم نہ دینے پر مغوی کو قتل کی دھمکیاں لگائی جارہی ہیں۔
تھانہ کالاگجراں پولیس نے مقدمہ درج کر کے مغوی کی بازیابی کے لئے کوششیں شروع کردی ہے۔



