جہلم کے اہم بازاروں اور چوک چوراہوں میں غیر قانونی پارکنگ کا راج، شہر کی خوبصورتی ماند پڑنے لگی

جہلم: قانون کی پاسداری کروانے والے اہم ادارے کے چھوٹے افسران و ملازمین قانون کی دھجیاں اڑانے لگے، راولپنڈی ڈویژن کے بڑے شہر جہلم کے اہم بازاروں ، چوک چوراہوں میں غیر قانونی پارکنگ کا راج ،شہر کی خوبصورتی ماند پڑنے لگی، ٹریفک وارڈنز غریب موٹر سائیکل و رکشہ ڈرائیوروں کے چالان کرنے میں مصروف، شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے اہم چوک چوراہوں، بازاروں میں غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے اور ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے والے اہم ترین ادارے کے چھوٹے افسران و ٹریفک وارڈنز راولپنڈی ڈویژن کے بڑے شہر جہلم کو مسائل سے نجات دلانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔
شاندار چوک کے چاروں بازاروں ، اولڈ جی ٹی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا جبکہ آئے روز ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ ٹریفک وارڈنز مہنگائی کے ستائے موٹر سائیکل و رکشہ ڈرائیوروں کے دھڑا دھڑ چالان کرنے میں مصروف ہیں۔
اہم چوک چورا ہوں میں ٹریفک وارڈنز ٹولوں کی صورت میں کھڑے ہو کر غریب موٹر سائیکل سواروں کو2/2 ہزار کے چالان کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے بیشتر جگہوں پر شہریوں کی ٹریفک پولیس کے ساتھ توں تکرار بھی ہوتی رہتی ہے، چالان کی زد میں آنے والے موٹر سائیکل و رکشہ ڈرائیورز کی منت سماجت بھی کسی کام نہیں آتی ،ٹریفک پولیس کی جانب سے بے دردی کا مظاہرہ کرنے پر شہری اعلیٰ افسران سے بھی نالاں نظر آتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ رہی سہی کسر بجلی و گیس کے بلوں نے نکال دی ہے، عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے ، ٹریفک پولیس شہریوں کیخلاف ظالمانہ اقدامات اٹھاتے ہوئے 2/2 ہزار کے چالان کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز شاندار چوک کے چاروں اطراف قائم بازاروں سمیت شہر کے مختلف علاقوں چوک چوراہوں سے غیر قانونی پارکنگ کو ختم کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں ،جس کی وجہ سے اولڈ جی ٹی روڈ پر آئے روز حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس مرزا فاران بیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی حالت زار پر رحم کیا جائے ٹریفک وارڈنز کو شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کا پابند بنایا جائے ، سول ہسپتال ، جادہ چوک، جی ٹی ایس چوک قبرستان چوک ، محمدی چوک ،کچہری چوک سمیت روہتاس روڈ چوک سے غیر قانونی پارکنگ کو ختم کروانے اور ڈیوٹیاں کرنے کا پابند بنایا جائے۔



