ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع اور ملاوٹ کیخلاف پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

جہلم:پنجاب کے عوام کو ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ سے بچانے کے لئے وزیراعلی مریم نواز نے ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، منافع خوری کے خلاف پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اتھارٹی کے قیام کا مقصد شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اتھارٹی کھانے پینے کی اشیا کا معیار بھی چیک کرے گی، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بھی نگرانی کرے گی۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی صوبے بھر میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے چھاپے مارے گی ، جرمانوں کا بھی اختیار ہوگا، اتھارٹی اشیاء کے معیار اور ان کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کے حوالے سے اقدامات کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ صوبے میں قانون کی عمل داری یقینی بنانا بھی پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کی ذمہ دار ہوگی، پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی تجاوزات کے خاتمے کے لئے انتظامیہ سے مل کر اقدامات کرے گی۔



